بلوچستان میں بارشوں کے بعد کراچی میں ٹھنڈی اورتیز گرد آلود ہواؤں کے جھکڑ چلنا شروع ہوگئے۔ صبح سویرے دفاتر اور اسکول جانے والوں نے پھرسے گرم کپڑے پہن لئے۔ گرد کے باعث حدد نگاہ ایک کلومیٹر رہ گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 25 فیصد ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں17 جنوری تک درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ کراچی میں آج دن بھر گرد آلود سرد ہوائیں چلتی رہیں گی۔ شہرقائد میں دن کادرجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ بالائی سندھ میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ 17 جنوری کے بعد سردی کی شدت میں کمی آئے گی۔ چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق 18 سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگا۔ دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ سڑکوں سے برف نہ ہٹانے کے باعث پھسلن سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری کی وجہ سے کئی مقامات پر راستے ٹریفک کے لئے بند ہیں۔ شمالی بلوچستان میں برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے باوجود ریکارڈ توڑ سردی برقرار ہے۔

- January 12, 2023
2 years ago
0
You can share this post!