پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ 4 سال بعد بورڈ میں آیا ہوں بہت کام کرنے ہیں۔ لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز میں عہدہ سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ پہلی ترجیح ڈومیسٹک کرکٹ کو ٹھیک کرنا ہے کیونکہ ہم ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ روزگار مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے ٹیم کا اعلان ہوچکا ہے اگر اعلان نہ ہوتا تو نئے آئیڈیاز کے ساتھ کام کرتے۔ چیئرمین پی سی بی کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں ابھی نہیں پتا کتنی گہرائی میں کیا فیصلے ہوئے اور اس کے پیچھے کیا سوچ تھی جب کہ بھارت کا جہاں تک معاملہ ہے تو اس پر حکومت کی رائے لینی پڑتی ہے اور ہدایات وہیں سے ملتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ہماری طرف سے رمیز راجا سے کوئی تصادم نہیں، میں تو پہلے بھی خود استعفیٰ دے کر چلا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکردگی بہت اہم ہوتی اگر اچھی کارکردگی نہ ہو تو لوگوں کو تبدیلی لانے کا موقع مل جاتا ہے اور کارکردگی اچھی نہ ہوتو تبدیلی کا جواز نہیں بنتا۔ کرکٹ کی ترقی کے لیے جو ہوسکا کریں گے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں ریڈ فلیگ نہیں اور سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ہم پشاور نہ جائیں۔ وہاں اسٹیڈیم تیار ہورہا ہے اور بات ہوچکی ہے وہاں 6 ماہ میں اسٹیڈیم تیار ہوجائے گا پھر ہم پشاور جاکر کھیلیں گے۔