اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں سے باز آجائیں، دوسری صورت میں قانون ہاتھ میں لینے والے شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائےگا، شرپسندوں کو آئین اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملےگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ املاک کو نقصان پہنچانا دہشتگردانہ عمل اور ملک دشمنی ہے ، عمران نیازی کی گرفتاری کرپشن کے مقدمے میں ہوئی ہے، القادر ٹرسٹ کیس کے تمام شواہد اور ثبوت موجود ہیں، 190 ملین پاؤنڈ کے معاملے کو لفافے میں بند کرکے کابینہ سے منظور کرایا گیا، کابینہ کو مکمل طور پر اندھیرے میں رکھا گیا، جب لفافہ کھول کے دیکھا ہی نہیں تو یہ کابینہ کا فیصلہ کیسے ہوسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بطور سیاسی کارکن ہم کسی کی گرفتاری پر خوشی کااظہار نہیں کرسکتے ، قیادت کا کردار ہوتا ہے کہ اپنے کارکنوں کو قانون کی لکیر عبور نہ کرنے دے، عمران نیازی اور پی ٹی آئی قیادت نے حساس، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، یہ مناظر پاکستان کے عوام نے کبھی نہیں دیکھے تھے، ایمبولینسز سے مریضوں کو اتار کر گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، سرکاری حکام کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، افواج پاکستان کے خلاف چند سو مسلح جھتے کو اکسانے کی مذموم حرکت کی گئی ، جو کام ازلی دشمن75 سال میں نہ کرسکا ان دہشتگردوں نے کردکھایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انھوں نے ملک دشمنی کے رویے کو مسترد کیا، فوج ، پولیس، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو خراج تحسین، ملک دشمن عناصر فوری باز آجائیں، شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔