سندھ کی فلور ملز نے کراچی سے گھوٹکی تک آٹا 95 روپے فی کلوگرام میں فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن، سندھ ریجن کے مطابق 2 روز قبل وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں 95 روپے فی کلو کے حساب سے آٹا فراہم کرنےکے اعلان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔ فلورملزایسوسی ایشن کے مطابق سندھ میں آٹے کی قلت ہے نہ ہی افراتفری کی صورتحال ہے۔ اب سندھ میں آٹے کے لیے عوام کو کسی قسم کی قطار میں نہیں لگنا پڑے گا۔ 50کلو میدے کی بوری کی ایکس مل قیمت 5940 روپے، 50 کلو آٹے کی بوری کی ایکس مل قیمت 4740 روپے اور 10کلو گرام آٹے کی بوری کی ایکس مل قیمت 953 روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہورمیں دو دن کے وقفے کے بعد آٹے اور مرغی کی قیمتوں میں پھر اضافہ کردیا گیا۔ شہر میں مرغی کی قیمت 18 روپے بڑھ کر 489 روپے فی کلو ہوگئی جب کہ گندم کی قیمت کم ہو کر 3900 روپے من پر آگئی۔ گندم کی قیمت کم ہونے کے باوجود فلور ملز مالکان آٹے کی قیمت کم کرنے پر تیار نہیں جس کے باعث 15 کلو کمرشل آٹے کا تھیلا بڑھ کر 1900 روپے کا ہوگیا۔ عام دکانوں پر آٹے کے تھیلے کی قلت بھی برقرار ہے جب کہ چکی مالکان نے بھی آٹے کی قیمت کم کرنے سے انکار کردیا۔