بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان چار برس بعد فلم ‘پٹھان’ کے ذریعے دوبارہ بڑے پردے پرجلوہ گر ہوئے تو ان کی فلم نے خوب کامیابیاں سمیٹیں۔ شاہ رخ نے آخری بار 2018 میں فلم ‘زیرو’ میں اداکاری کی تھی لیکن ان کی یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی تھی۔ چارسال سے ان کے مداح انہیں فلم میں دیکھنے کے لیے بے تاب تھے۔
شاہ رخ کی نئی فلم ‘پٹھان’ نے چھ روز میں دنیا بھر سے پانچ سو کروڑ سے زائد بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے اور وہ ایک مرتبہ پھر انڈسٹری کو کامیاب فلم دینے میں کامیاب ہوگئے۔
‘پٹھان’ کی کامیابی کے حوالے سے کاسٹ کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی جس میں شاہ رخ خان، اداکارہ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم سمیت ہدایت کار سدھارتھ آنند بھی شریک ہوئے۔ شاہ رخ نے کہا کہ جب میری آخری فلم نہیں چلی تو لوگ کہہ رہے تھے کہ اب میری فلمیں نہیں چلیں گی، تو پھر میں نے متبادل کاروبار کرنے کے بارے میں سوچنا شروع کردیاتھا۔