محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے لیکن بارش کا امکان نہیں۔ مغربی ہواؤں کا دوسرا سلسلہ 17 اپریل کو بلوچستان سے کراچی میں داخل ہوگا جس سے تیز بارش متوقع ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں توقع کے مطابق بارش ہوئی ، بلوچستان میں موسلادھار بارش کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں تیز بارشیں ہورہی ہیں۔ توقع تھی کہ یہ سسٹم سندھ میں بھی پھیلے گا اور بارش ہوگی۔ سردار سرفراز نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں فصلوں کے لیے یہ بارش فائدہ مند ہے البتہ میدانی علاقوں میں بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں 16 اپریل کی رات سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوجائے گا،اور مکران ضلع میں زیادہ بارش متوقع ہے۔ دو سال قبل مارچ سے گرمی شروع ہوگئی تھی لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا۔ اس سال درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ اپریل کے آخری ہفتے سے موسم گرم ہونے کا امکان ہے۔ لیکن بہت زیادہ غیرمعمولی گرمی کا امکان نہیں ہے۔