رات 10 سے صبح 6 تک لوڈشیڈنگ نہ کی جائے ، سندھ حکومت کی ہدایت

رات 10 سے صبح 6 تک لوڈشیڈنگ نہ کی جائے ،  سندھ حکومت کی ہدایت

صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ اور وزیر بلدیات سعید غنی نے کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کے سی ای او کو سختی سے ہدایات دی ہیں کہ حالیہ شدید موسم گرما کے دوران رات 10بجے سے صبح 6 بجے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کسی صورت نہ کی جائے۔
صوبائی وزرا کا کہنا تھا کہ تینوں ادارے بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ بجلی چوری کی سزا عام شہریوں کو نہ دیں۔ سندھ حکومت نے کے الیکٹرک سمیت تینوں اداروں کے سندھ حکومت پر واجبات کی ادائیگی جلد کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی۔

دوسری طرف کراچی کے مختلف علاقوں میں 2 روز قبل ٹوٹنے والے بجلی کے تاروں کو اب تک نہ جوڑا جاسکا۔

2 روز قبل نارتھ کراچی،کورنگی،کیماڑی، بلدیہ ٹاؤن اور ناظم آباد کے دیگر علاقوں میں ٹوٹنے والے بجلی کے تار جوڑے نہ جاسکے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ متعدد بار شکایات کے باوجود عملہ خراب میٹر اور ٹوٹی تار جوڑنے نہیں پہنچا۔ کے الیکٹرک ذرائع کے مطابق ادارے کے پاس نفری اورگاڑیاں محدودہیں جس کے سبب تاخیر ہورہی ہے۔
شہرکے مختلف علاقوں میں بدترین اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی کمی نہیں آسکی، ایف بی ایریا، شادمان، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، گڈاپ میں بل ادائیگی والے صارفین بھی بجلی سےمحروم ہیں۔ ادھر سرجانی، نیوکراچی، گلشن معمار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، لسبیلہ، جمشید روڈ، لیاقت آباد، لیاری، سہراب گوٹھ اور صفورہ کے مکین بھی لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں جہاں 10سے 12 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ کے الیکٹرک حکام نے دعویٰ کیا ہےکہ شہرکے 70 فیصد علاقے میں لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *