بادلوں کی آنکھ مچولی اور سرد ہوائیں ،، یہ تھا آج کراچی کا موسم۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روزتک مطلع جزوی ابر آلود رہنےکا امکان ہے اور آج شمال مشرق سے تیز سرد ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔ شہر میں ہفتہ اور اتوار کو چند مقامات پر بوندا باندی کی بھی پیش گوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہفتہ کو کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10ڈگری اور اتوار کو 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ اور دیگر اضلاع میں ہفتہ اور اتوار کو ہلکی بارش متوقع ہے جب کہ ٹھٹھہ، حیدرآباد، ٹنڈوالہ یار سمیت دیگر علاقوں میں چند مقامات پر بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئٹہ اور مستونگ میں درجہ حرارت منفی7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیارت میں منفی 12، قلات منفی8 اور قلعہ سیف اللہ منفی 6 ریکارڈ کیاگیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن درہم برہم ہوگئے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر ہلکی دھند اور خشک موسمی حالات کے ساتھ حدنگاہ 2500 میٹر رہی۔

- January 27, 2023
2 years ago
0
You can share this post!