کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع سے بلدیاتی الیکشن کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں کراچی کی 246 یوسیز میں سے 89 یوسیز کے نتائج سامنے آگئے۔ پیپلزپارٹی 46 یوسیز کے ساتھ پہلے، جماعت اسلامی 22 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور پی ٹی آئی 14 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ کراچی میں میں اب تک مسلم لیگ (ن) نے تین، جے یو آئی (ف) نے 2 جب کہ ٹی ایل پی اور آزاد امیدوار نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔ کراچی کے ضلع جنوبی کے چیئرمین کا نتیجہ مکمل ہوگیا جس میں 26 میں سے 15 یونین کمیٹیز پر پیپلز پارٹی اور 9 پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی ہے۔ ضلع جنوبی میں ایک نشست پر تحریک لبیک کا پینل منتخب ہوا اور ایک نشستپر انتخاب ملتوی ہوگیا۔
لیاری ٹاؤن کی 13 میں سے 12 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 11 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لی ہیں اور پی ٹی آئی ایک نشست پر کام یاب ہو سکی ہے۔ صدر ٹاؤن کی تمام 13 نشستوں میں سے پی ٹی آئی اب تک 8 نشستیں حاصل کر چکی ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے صدر ٹاؤن کی 4 نشستیں حاصل کی ہیں، ایک نشست تحریک لبیک نے حاصل کی ہے۔
ملیر ٹاؤن کی 10 میں سے 5 نشستوں میں سے 4 پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے. گلبرگ ٹاؤن کی 8 نشستوں میں سے 3 کے نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ تینوں نشستیں جماعت اسلامی نے جیت لی ہیں۔