فخر، بابر اور رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میں6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 255 رنز اسکور کئے۔ مائیکل بریسویل نے 43، ٹام لیتھم نے 42، گلین فلپس نے 37 رنز اسکور کئے۔ نسیم شاہ نے 5 اور اسامہ میر نے 2 شکار کئے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 30 کے اسکور پر گرگئی لیکن اس کے بعد کپتان بابر اعظم نے فخرزمان کے ساتھ 78 اور محمد رضوان کے ساتھ 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر 56 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے کیرئیرکی 23ویں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 66 رنز بنائے۔
گرین شرٹس 48.1 اوورز میں 4 وکٹوں پر ہدف تکپ ہنچ گئے۔ رضوان نے 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نسیم شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرا ون ڈے بدھ کو کھیلا جائے گا۔