کراچی میں 13 جنوری سے سردی کی شدت بڑھے گی۔ پارہ سنگل ڈیجٹ میں جائے گا۔ موسمیاتی تجزیہ کارکے مطابق 14 جنوری سے سردی کی لہر پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ 14 سے 17 جنوری کے دوران کراچی میں رات کا درجۂ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جا سکتا ہے۔ اس دوران کراچی کے مضافات میں درجۂ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی گرسکتا ہے۔ سردی کی یہ لہر 18 جنوری تک ملک پر اثرانداز رہے گی، جس کی شدت بلوچستان میں زیادہ رہے گی۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ دیر بالا کے بالائی علاقوں سمیت لواری ٹنل میں 8 انچ تک برف ریکارڈ کی گئی۔ دیامر کے بالائی علاقوں، نانگا پربت بیس کیمپ، فیری میڈوز، گوہر آباد اور دیگر بالائی وادیوں میں بھی برف باری ہوئی۔ غذر میں بھی شدید برف باری نے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا۔ گزشتہ روز ملک بھر میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔