پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ پاکستان ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ بچانے میں کامیاب ہوگیا۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز آخری سیشن میں پاکستانی بیٹرزنے ٹیم کی لاج رکھ لی۔ آخری روزقومی ٹیم کو مشکلات پیش آئیں۔
206 کے اسکورپر7 وکٹیں گرگئیں۔ سرفرازاحمد نے دوسری اننگز میں بھی ففٹی بنائی۔ امام الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، 96رنزبنا کرآؤٹ ہوئے۔ سعود شکیل اور وسیم جونیئرنے اکہتررنزکی قیمتی شراکت بنائی۔ وسیم نے 43 اور سعود نے 55 رنزاسکورکیے۔ پاکستانی کپتان بابراعظم نے حیران کن طورپراننگز 311 رنز8 آؤٹ پرڈیکلیئرکردی۔ نیوزی لینڈ کو15 اوورز میں 138 رنزکا ہدف دیا۔ جواب میں کیوی بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔ اسی دوران ایک وکٹ بھی گرگئی۔ خراب روشنی کے باعث کھیل ختم کیا گیا تو نیوزی لینڈ نے 7 اوورزمیں 61 رنزبنائے تھے۔ ڈبل سنچری بنانے والے کین ولیمسن میچ کے ہیرو رہے۔