پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کئی پلیئرز مسلسل کھیل رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کا ورک لوڈ منیجمنٹ بھی ضروری ہے۔ جوسینئر کھلاڑی بینچ پرموجود ہیں انہیں بھی موقع ملنا چاہیے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم صرف اسپن وکٹیں ہی کیوں بناتے ہیں۔ ہمارے اندر اتنی صلاحیت ہے کہ ہم آسٹریلیا یا جنوبی افریقا جیسی وکٹ بنا سکتے ہیں۔ ہم نے ڈومیسٹک میں ایسی وکٹیں دیکھی ہیں، کوشش کریں گے کہ مختلف پلان کے ساتھ جائیں۔ جب تک ہم پرانی سوچ سے باہر نہیں نکلیں گے نمبر ون نہیں بن سکتے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم سلیکش کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا معلوم ہوا ہے کہ نسیم شاہ مکمل فٹ نہیں ہیں۔ میر حمزہ کو شاہین آفریدی کی جگہ ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔ شاہنواز دھانی کو2 سال سے ساتھ لے کرچل رہے ہیں اسے کب موقع دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم جس طرح کا ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے ہم اسے اسی طرح کا بہترین کپتان بنانے کے لیے آئے ہیں۔