پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی نےپہلی مرتبہ پی ایس ایل کےمیچز کوئٹہ میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجم سیٹھی کی سربراہی میں ہونے والے منیجمنٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ نجم سیٹھی کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی سمیت تمام کمیٹیاں اور ایسوسی ایشنز ختم کردی گئی ہیں لیکن جس کے جو بھی معاہدے ہیں انہیں پورا کیا جائے گا۔ منیجمنٹ کمیٹی نے پی سی بی ملازمین کے سیلری اسٹرکچر کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں پاکستان جونئیر لیگ اور ویمن لیگز کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ جبکہ اس حوالے سے فرنچائزز کے تحفظات بھی دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے8 سے 10 روز میں ڈرافٹ تیار کیا جائے گا جبکہ نجم سیٹھی، شکیل شیخ اورہارون رشید ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔
منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس کل بھی جاری رہے گا جس میں نئی کمیٹیوں کی تشکیل، قومی ٹیم کے موجودہ کوچز کے حوالے سے فیصلے کئے جائیں گے۔