پاکستان میں مہنگائی کی شرح ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات نے جنوری 2023 میں مہنگائی اوراشیائے خورو نوش کی قیمتوں سے متعلق جائزہ رپورٹ جاری کردی۔ اعدادوشمار کے مطابق جنوری کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا اور مہنگائی 27.6 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2022 تا جنوری 2023 مہنگائی کی مجموعی شرح 25.40 فیصدریکارڈ کی گئی جبکہ جولائی 2021 تا جنوری 2022 مہنگائی کی مجموعی شرح 10.26 فیصد تھی۔ جنوری میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 2.4 فیصد اضافے کے ساتھ 24.4 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں میں 3.6 فیصد اضافے کے بعد شرح 32.3 فیصد ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ میں برائلرمرغی 24.62 فیصد، گندم 16.47 فیصد، چاول 14 فیصد اور گندم کا آٹا 13.23 فیصد مہنگا ہوا۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پیاز 9.74 فیصد، بیکری اشیاء 5.43 فیصد، پھل 5 فیصد، انڈے 4.36 فیصد اور دالیں 4 فیصد تک مہنگی ہوئیں۔ جنوری 2023 میں ٹماٹر، آلو، گھی، چینی، کوکنگ آئل، سبزیاں اور گُڑ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔