آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما کا پہلا نمبر ہے جب کہ انگلش بیٹر فل سالٹ دوسرے اور ان ہی کے ہم وطن جوز بٹلر ایک درجہ بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی فہرست میں پاکستانی بیٹرز کی بات کی جائے تو پاکستان کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان 2 درجے تنزلی کے بعد 7 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ صائم ایوب 8 درجہ ترقی پاتے ہوئے 28 ویں نمبر پر آگئے۔
قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے 12 درجے ترقی کے ساتھ اب 29 ویں نمبر پر آگئے مگر سابق کپتان بابراعظم 3 درجے تنزلی کے بعد 34 ویں نمبر پر چلے گئے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل فخر زمان 5 درجے تنزلی کے بعد 74 ویں نمبر پر آگئے۔
ٹی 20 بولرز رینکنگ:
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں بھارت کے ورون چکھرورتی کا پہلا نمبر ہے جب کہ پاکستان کے ابرار احمد نے 2 درجہ ترقی پاتے ہوئے دوسرے نمبر پر آکر افغانستان کے راشد خان کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا۔
محمد نواز نے 8 درجہ ترقی کے بعد 7 ویں پوزیشن حاصل کرلی جب کہ شاہین آفریدی نے بھی 5 درجہ ترقی کے بعد 19 ویں پوزیشن حاصل کرلی، شاداب خان لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 33 درجہ ترقی کے بعد 72 ویں نمبر پر آگئے۔


