صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران سڑسٹھ صحافی ہلاک ہوئے۔ رپورٹنگ کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھونے والےصحافیوں میں سے پانچ کا تعلق پاکستان سے ہے۔جس کا ایک اہم سبب ملک میں جاری سیاسی بحران اور ہیجان ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں تیس فی صد زیادہ ہے۔
’ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس ‘ نے صحافیوں کی ہلاکتوں میں اس غیر معمولی اضافے کی وجوہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں جاری روس کی مسلط کردہ جنگ، ہیٹی میں بے چینی اور افراتفری اور میکسیکو میں جرائم پیشہ گروہوں کے بڑھتے ہوئے تشدد نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 2022 میں اپنے کام کے دوران صحافیوں کی ہلاکتوں میں اضافہ کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال تشدد اور اس سے منسلک مختلف واقعات میں دنیا بھر میں 47 صحافی اور میڈیا کے ارکان مارے گئے تھے۔