پاک فوج کے سابق سربراہ اور سابق صدر پاکستان پرویز مشرف دبئی میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔ پرویز مشرف طویل عرصے سے علیل تھے۔ رات کو طبیعت خراب ہونے پر امریکن اسپتال لے جایا گیا جہاں فجرکےوقت ان کا انتقال ہوگیا۔ ذرائع کےمطابق پاکستان سے خصوصی طیارہ میت لینے کل دبئی جائے گا۔ طیارہ نور خان ائیربیس سے المکتوم ائیرپورٹ پہنچے گا۔ پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف پہلے ہی دبئی میں موجود ہیں ان کے صاحبزادے بلال مشرف بھی دبئی پہنچ رہے ہیں۔
سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943 کودہلی میں پیدا ہوئے۔ 1961 میں فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ اسپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیارکی۔ 1965 اور 1971کی جنگوں میں شریک رہے۔
جنرل (ر) پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 12 اکتوبر 1999 کو وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہٹا کر چیف ایگزیکٹیو بنے اور بعد ازاں اپریل 2002 میں ریفرنڈم کراکے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے۔ 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر منتخب ہوئے۔ پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہوکر ملک سے باہر چلےگئے تھے۔