خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گوگل کی پیرنٹ کمپنی ‘الفا بیٹ’نے 12 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کمپنی کی مجموعی افرادی قوت کا چھ فی صد بنتی ہیں۔ اس فیصلے کو دنیا بھر میں ٹیکنالوجی سیکٹر کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔رائٹرز کے مطابق الفا بیٹ سے اس بڑے پیمانے پر ملازمتیں ختم ہونے سے کمپنی کے انجینئرنگ، کارپوریٹ فنکشن اور پروڈکٹ ٹیمز متاثر ہوں گی۔ جمعے کو کمپنی کے سی ای او نے اپنے عملے کے ساتھ ایک میمو شیئر کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں کمپنی نے تیزی سے ملازمین کی تعداد بڑھائی تھی۔ جس دور میں یہ بھرتیاں ہوئیں آج کے معاشی حالات اس کے مقابلے میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ وہ اس صورتِ حال تک پہنچنے کے لیے کیے گئے تمام فیصلوں کی ذمے داری قبول کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ گوگل کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سوفٹ 10 ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔ کمپنی کے فیصلے کا اطلاق دنیا بھر میں اس کے عملے پر ہوگا اور امریکہ میں اس پر فوری عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

- January 21, 2023
2 years ago
0
You can share this post!