کراچی ٹیسٹ کا تیسرا روز پاکستانی بیٹر سعود شکیل کے نام رہا۔ سعود نے کیرئیرکی پہلی سنچری اسکورکی جبکہ سرفرازاحمد اورآغا سلمان کےساتھ قیمتی شراکت بھی بنائیں۔ پاکستان نے دن کے اختتام تک 9 وکٹوں پر407 رنزبنالئے۔
دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے پہلی نامکمل اننگز 154رنز3 آؤٹ سے آگے بڑھائی۔ اوپنر امام الحق 83 رنز پروکٹ گنوابیٹھے۔ سعود شکیل اورسرفرازاحمد نے150 رنزکی شراکت بنائی۔ سرفرازاحمد نے مسلسل تیسری ففٹی اسکورکی۔ وہ 78 کےانفرادی اسکورپراسٹمپ ہوئے۔
آغا سلمان 41 رنز بناکرسعود کا ساتھ چھوڑ گئے۔ ٹیل اینڈرزنے وکٹ پرٹھہرنے کی زحمت نہ کی۔ آخری گھنٹے میں پاکستان کی 4 وکٹیں گریں۔ پاکستان کونیوزی لینڈ کا اسکوربرابرکرنے کیلئے مزید 42 رنزدرکارہیں۔ سعود شکیل 124رنزپرناٹ آؤٹ ہیں۔ اعجازپٹیل 3 اورایش سوڈھی 2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔